ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ستمبر کے آخر میں موسم کی تبدیلی: کئی ریاستوں میں طوفانی بارش اور سائیکلون کا خطرہ، محکمہ موسمیات کا انتباہ

ستمبر کے آخر میں موسم کی تبدیلی: کئی ریاستوں میں طوفانی بارش اور سائیکلون کا خطرہ، محکمہ موسمیات کا انتباہ

Thu, 26 Sep 2024 17:36:38    S.O. News Service

نئی دہلی، 26/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) ستمبر کے مہینے میں موسم میں تبدیلیاں جاری ہیں، جہاں وقفے وقفے سے گرمی اور بارش کا سامنا کیا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے متعدد علاقوں میں ایک بار پھر سائیکلون یعنی سمندری طوفان کے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، جو بارشوں کی شدت میں اضافہ کا باعث بنے گا۔ اس سلسلے میں محکمہ موسمیات نے مہاراشٹر سمیت مختلف ریاستوں کے لیے الرٹ جاری کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، سائیکلون کی وجہ سے تلنگانہ، آندھرا پردیش، بہار، جھارکھنڈ اور کئی دیگر ریاستوں میں بارش ہو سکتی ہے۔ سائیکلون کا اثر مغربی وسطی اور شمال مغربی خلیج بنگال میں موجود کم دباؤ والے علاقے کی وجہ سے ہے، جو آندھرا پردیش اور جنوبی اوڈیشہ کے ساحلی علاقوں کے قریب ہے۔ یہ سائیکلون شمال مغرب کی طرف بڑھ رہا ہے، جس کا اثر جنوبی چھتیس گڑھ اور آس پاس کے علاقوں میں بھی برقرار ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، 26 ستمبر کو دہلی اور این سی آر کے علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور ہلکی بارش کا امکان بھی ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری اور کم سے کم 25 ڈگری سیلسیس تک رہنے کا امکان ہے۔ سائیکلون کا اثر دہلی میں بھی دکھائی دے سکتا ہے اور ستمبر کے آخر تک موسم کا یہی حال رہے گا۔

محکمہ موسمیات نے یوپی اور بہار کے لیے بھی الرٹ جاری کیا ہے، جہاں اگلے پانچ دنوں کے دوران ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔ بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ درجہ حرارت میں بھی کمی آئے گی۔

مہاراشٹر کے مختلف اضلاع، خاص طور پر ممبئی اور پونے میں تیز بارشوں کا امکان ہے جبکہ گجرات کے بیشتر علاقوں میں بھی سائیکلون کی وجہ سے اگلے تین سے چار دنوں تک بارشیں ہو سکتی ہیں۔ ممبئی میں آج بھی شدید بارش ہوئی ہے جس کی وجہ سے معلومات زندگی مفلوج ہو گئی تھی۔ اس دوران اسکول کالج بند کر دئے اور لوکل ٹرینوں کی رفتار بھی ماند پڑ گئی تھی۔

محکمہ موسمیات نے مغربی بنگال اور سکم میں 26 سے 28 ستمبر تک شدید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، جبکہ چھتیس گڑھ میں 26 سے 29 ستمبر تک بارشوں کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ، جھارکھنڈ، جموں و کشمیر، لداخ، اتراکھنڈ اور اوڈیشہ میں 26 سے 30 ستمبر تک ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں، شمال مشرقی ریاستوں میں بھی اگلے چند دنوں میں بارش متوقع ہے۔


Share: